معاشی‘ اقتصادی ترقی کے لیے صنعتوں کو فروغ دینے کا فیصلہ

میرپور(سیاست نیوز)آزادکشمیرکے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میرنے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں حکومت کے ساتھ ساتھ صنعتکاروں کابڑااہم رول ہوتاہے۔ صنعتکارملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان کی ہدایات کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کی معاشی واقتصادی ترقی کے لیے شعبہ صنعت وتجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کوفروغ دے رہی ہے۔ میرپورنیوانڈسٹریل اسٹیٹ اور اکنامکس زون میں ڈرائی پورٹ سمیت دیگر سہولیات ومراعات فراہم کریں گے۔ صنعتکار اطمینان رکھیں حکومت ان کی تمام جائز حل طلب مسائل حل کرئے گی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اپنے دورہ میرپورکے دوران آزادجموں وکشمیر چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکمشنران لینڈ ریونیوڈویلپمنٹ سردارظفرمحمود خان، کمشنران لینڈ ریونیوعاصم شوکت،اسسٹنٹ کمشنر مرزاطلعت محمود،جوائنٹ ڈائریکٹرانڈسٹریز سردار سرفراز خان، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری چوہدری جاوید اقبال نے انھیں FBR کی طرف سے سیلز ٹیکس آرڈر107،ڈرائی پورٹ کے قیام، صنعتی اسٹیٹ میں سوئی گیس کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹیکس ری فنڈسمیت زلزلہ کے باعث صنعتکاروں کو خصوصی چھوٹ دینے کے مسائل بیان کیے جبکہ آزادکشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پرسابق صدور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سہیل شجاع مجاہد، چوہدری صہیب سعید، عظیم مشتاق، غلام مرتضیٰ، راجہ خالد خان، عمران احمدخان سمیت چیمبرآف کامرس کے ایگزیکٹوممبران نے بھی اپنے اپنے مسائل بیان کیے۔ آزادکشمیرکے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میرنے کہاکہ صنعتکار ریاست میں سماجی،معاشی اوراقتصادی ترقی میں اہم رول اداکر سکتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں کوتمام ممکنہ سہولیات ومراعات فراہم کررہی ہے۔ 13 ویں آئینی ترامیم کے باعث اب حکومت آزادکشمیر جہاں مالی لحاظ سے مضبوط ہورہی ہے وہاں صنعتی ترقی کے لیے بھی ایک جامع اور مربوط پالیسی بنارہے ہیں تاکہ خطہ میں زیادہ سے زیادہ صنعتوں کاقیام عمل میں لایا جاسکے جس سے بے روزگاری کم کی جاسکے۔ صنعتی ترقی کوفروغ دیکرجہاں لوگوں کوروزگار دیاجاسکتاہے وہاں ریاستی آمدن میں بھی مزیداضافہ متوقع ہے۔ انھوں نے یقین دھانی کروائی کہ حکومت آزادکشمیرصنعتکاروں کوہرممکن سہولیات ومراعات فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اس مقصد کے لیے میرپور ڈرائی پورٹ کے بہت پرانے معاملہ کوبھی حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر،حکومت پاکستان، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے جملہ مسائل قانون وآئین کے مطابق حل کریں گے۔ صنعتکاروں پرکوئی ایسا ٹیکس نہیں لگائیں گے اور نہ ہی وصول کریں گے جوآزادکشمیراسمبلی کے قانون وآئین کے مغائرہو۔ انھوں نے مزیدکہاکہ 13 ویں آئینی ترامیم کے بعد حکومت آزادکشمیر اختیارات اورمالی معاملات میں مضبو ط ہوئی ہے جس کے باعث بنک سے اوڑی نہیں لیناپڑی۔

متعلقہ خبریں