صدر ریاست کی ملائشیا کے نائب وزیراعظم،وزیرخارجہ سے ملاقاتیں

کوالالمپور(سیاست نیوز)آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ملائشیاکی نائب وزیراعظم وان عزیزہ اسماعیل سے ملاقات کی اور ان سے جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ملائشیا کی نائب وزیراعظم نے صدر سردار مسعود خان کو یقین دلایا کہ ملائشیا اور اس کے عوام جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق سیاسی و سفارتی حل کے لئے پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام کو کوششوں کی بھرپور تائید و حمایت جاری رکھے گا۔ محترمہ عزیزہ وان اسماعیل نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان اور آزادجموں وکشمیر کے ساتھ ثقافت، تعلیم، صحت سمیت دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ملکو ں کے عوام کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات مذید مضبوط اور مستحکم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونو ں ممالک دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کو کم کرنے کے لئے اسلامی تعلیمات کے مراکز قائم کر سکتے ہیں اور آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبہ کو ترقی دینے کے علاوہ ملائشیا کے سیاحوں کو آزادکشمیر کی سیاحت کے لئے جانے پر راغب کریں گے۔ قبل ازیں اپنی گفتگو میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ جس کے بارے میں انسانی حقوق کی تنظمیں اور عالمی میڈیا مسلسل رپوٹیں شائع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد حق و انصاف پر مبنی ہے جس کی دو ٹوک اور واضح حمایت پر ہم ملائشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے جو جرات مندانہ موقف اختیار کیا اس پر پورے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام ان کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کوششوں کے نتیجہ میں یورپین پارلیمنٹ کے سینکڑوں ممبران مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حمایت کر رہے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے

متعلقہ خبریں