مظفرآباد(سیاست نیوز) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت آزادکشمیر میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں آزادکشمیرکے اندرکرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالہ سے ضروری اقدامات کے حوالہ سے فیصلہ جات کیے گئے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل، کمشنرمظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء، ڈائریکٹر صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب، ڈپٹی کمشنر مظفرآبادعبدالحمید کیانی، پرنسپل سٹاف آفیسر بدرمنیر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر محمد سعید اعوان جبکہ ویڈیولنک پر کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری رقیب اور کمشنر پونچھ ڈویژن مسعودالرحمان نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتراور دیگر جگہوں پر کرونا وائرس کے مثبت کیسز آنے پر ریپڈ رسپانس فورس موقع پر جار کر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ جگہوں پر لاک ڈاؤن کرنے کی تجویز دے گی جس پر ضلعی انتظامیہ عملدرآمد کروائے گی۔ اس حوالہ سے محکمہ صحت عامہ کا عملہ کا فیصلہ حتمی تصورہو گا جس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی صحت نے اجلاس کو کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہاکہ آج کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے یہ تیسری میٹنگ کی جارہی ہے۔ مظفرآبادشہر میں کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے تاہم انتظامیہ نے SOPsپر عملدرآمد کروانے کے اقدامات میں بہتری لائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت اس ساری صورتحال میں مرکزی سٹیک ہولڈرہے۔ اس لیے محکمہ صحت عامہ کو ہی یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کرونا کیسز کے سامنے آنے پر لاک ڈاؤن کرنے کے حوالہ سے تجویز کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ جب کسی ادارے یا محکمہ میں کرونا کیسز سامنے آتے ہیں تو ریپڈ رسپانس فورس اس جگہ جار کر صورتحال کاجائزہ لے کر انتظامیہ کو تجویز کرے کہ اس ادارے یا محکمے کا کون سا حصہ کس حد تک لاک ڈاؤن کرنا ہے۔ غیر ضروری لاک ڈاؤن سے اجتناب کیا جائے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی اجتماعات، شادیوں، جنازوں، بازاروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور سرکاری اداروں میں SOPsپر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے دارلحکومت مظفرآباد کے معروف بازار مدینہ مارکیٹ کا دورہ کیا اور SOPsپر عملدرآمد کاجائزہ لیا۔ اس موقع پرا نہوں نے عوام اور تاجروں سے بات چیت کی اور انہیں SOPsپر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی۔