مالی سال2020-21،ان لینڈ ریونیو نے ہدف سے 60کروڑ زیادہ ٹیکس حاصل کرلیا

میرپور (سیاست نیوز)محکمہ ان لینڈ ریونیو کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انکم ٹیکس ہدف برائے مالی سال 2020-21نمایا ں فرق سے عبور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریوینیو سردار ظفر محمود خان نے بتایا کہ امسال محکمہ ہذا کو حکومت کی جانب سے انکم ٹیکس کی مد میں مبلغ 20ارب 60کروڑ روپے کا ہدف مقرر ہو ا تھا، جسکے برعکس محکمہ نے مبلغ 30کروڑ روپے کے اضافے کیساتھ اپنی جامع حکمت عملی اور انتھک کوششوں کی بدولت انکم ٹیکس کی مد میں کل وصولی مبلغ 20ارب 90کر وڑ روپے کو یقینی بنایا۔ کمشنر ان لینڈ ریوینیو نے بتایا کہ وصولی کے اس فرق میں مزید اضافہ متوقع ہے چونکہ ابھی انکم ٹیکس محصولات کی حساب فہمی ہونا باقی ہے اور کامل یقین ہے کہ کل وصولی انکم ٹیکس خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ مبلغ 20ارب 90کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر جائے گی، جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2020-21کی انکم ٹیکس وصولی کے اعداد وشمار گزشتہ مالی سال 2019-20سے بھی نمایاں اضافے پر ہیں۔ کمشنر ان لینڈ ریوینیو سردار ظفر محمود خان نے مزید بتایا کہ دوران مالی سال 2020-21محکمہ کو بیشتر دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، جن میں کورونا وائرس کے خطرناک حد تک پھیلاؤ، لاک ڈاؤن کی صورتحال، صنعتی، تجارتی اور کارروباری سرگرمیوں کاتعطل، ٹرانسپورٹ کا بند ہونا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ لیکن ان تمام نامساعد حالات کے باوجود محکمہ ان لینڈ ریوینیو نے موثر حکمت عملی سے کام لیتے ہوئے اور زیادہ سے زیادہ ریوینیو کے حامل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے انکم ٹیکس ہدف کی وصولی کو یقینی بنایا۔کمشنر ان لینڈ ریونیو سردار ظفر محمود خان نیمزید کو بتایا کہ انکم ٹیکس ہدف کو کامیابی سے عبور کرنے کا سہرا حکومت آزاد کشمیر کے سینئر حکام خاص طور پر ڈاکٹر سید آصف حسین چیرمین آزاد جموں وکشمیرسینٹرل بورڈ آف ریوینیو، ڈاکٹر لیاقت حسین سیکریٹری انلیڈ ریوینیو کو بھی جاتا ہے جن کی رہنمائی اور تعاون کی بدولت انکم ٹیکس وصولی بمطابق ہدف ممکن ہو سکی۔ کمشنر ان لینڈ ریوینیو نے بتایا کہ انکم ٹیکس ہدف کی وصولی میں پوری محکمانہ ٹیم کا کردار بھی نہایت اہمیت کے حامل ہے۔ تمام محکمانہ آفیسران و اہلکاران نے دن رات نہایت مستعدی سے کام کیا اور اس ضمن میں اُن کی کوششیں قابل ِستائش ہیں۔ سردار ظفر محمود خان کمشنر ان لینڈ ریوینیو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ ان لینڈ ریوینیو مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گا اور ریاست کو معاشی طورپر مستحکم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ خبریں