مظفرآباد(سیاست نیوز)آزادکشمیر احتساب بیورو کا کرپٹ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن،سنگین مالی بے ضابطگیوں،خرد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ایڈیشنل کمشنر میرپور،کیپٹن (ر) ابرار اعظم اور اسسٹنٹ کمشنر (ر) سلیم اختر اعوان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو کلرکس محمد امتیاز اور طارق ریاض کو بھی قبل ازیں گرفتار کر لیا گیا تھا،مزید کیخلاف بھی کارروائی آخری مراحل میں ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین احتساب بیورو سردار نعیم احمد شیراز نے ریاستی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے اور قانون شکن کا شکنجہ کستے ہوئے مافیا کیخلاف بلاتخصیص کارروائیوں میں وسعت دیتے ہوئے انویسٹی گیشن رپورٹس کی حتمی رپورٹس پر اہم شخصیات کا شکنجہ کس دیا ہے اور آئندہ چند روز میں اہم گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ادھر ایڈیشنل کمشنر محکمہ مال راجہ ابرار اعظم اور اسسٹنٹ کمشنر (ر) سلیم اختر اعوان کو بطور اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا بحیثیت کلکٹر حصول اراضی 15منصوبہ جات جن میں زیادہ تر سکولز ہیں کے اکاؤنٹنٹ سے تقریباً 20فیکس کے ذریعے 4کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد کے خرد برد اور ذاتی تصرف پر گرفتار کر لیا ہے۔مذکورہ آفیسران نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔منسوخ ہونے پر موقع سے ہی گرفتار کر کے تھوری جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔دوران گرفتاری ملزمان سے لوٹی گئی رقوم کے علاوہ مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔احتساب بیورو ذرائع کے مطابق رواں ہفتے مزید گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں۔عوامی حلقوں کی جانب سے کرپٹ مافیا کیخلاف دلیرانہ اور بلاتخصیص کارروائیوں پر چیئرمین احتساب بیورو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اب صحیح معنوں میں احتساب نظر آرہا ہے۔