کوٹلی (سیاست نیوز)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ چڑہوئی اور میرپور کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ ن پوری قوت کے ساتھ لڑ ے گی اورانشاء اللہ کامیابی حاصل کرے گی، مسلم لیگ ن کو تمام تر دھاندلی اور عمران نیازی حکومت کی مداخلت کے باوجود پانچ لاکھ سے زائد ووٹ پڑھے ہیں ان ضمنی انتخابات میں اس بار مینڈیٹ کسی کو چرانے نہیں دینگے۔مسلم لیگ ن کے کارکنان اورعہدے داران جو مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے وہ جماعت کا اثاثہ ہیں۔عمران نیازی کی حکومت نے پاکستان میں جو تباہی لائی اُسے اب آزادکشمیر میں دہرائے جانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ آزاد کشمیر کے اندر ہمارے دور کے شروع کیے جانے والے عوامی مفاد کے منصوبہ جات کے ساتھ اگر چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اس کے خلاف بھرپوراحتجاج کرینگے اس کے لیے ایوان کے اندر،باہراور تمام قانونی و آئینی فورمز پر جائیں گے۔ وہ اپنے تین روزہ دورہ کے دوران کوٹلی میں مسلم لیگ ن کے عہدے داران اور کارکنان سے بات چیت کر رہے تھے اس سے قبل کوٹلی پہنچنے پر بڑالی کے مقام پر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا جماعتی زعماء اور کارکنون نے شاندار استقبال کیا۔ کوٹلی ریسٹ ہاؤس میں جماعتی رہنماؤں اور کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اپنے دور حکومت میں باوقار بنایا اور اُن کے بنیادی حقوق حاصل کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے آئین میں تاریخی ترامیم کیں، ختم نبوت کے قانون کو آزاد کشمیر کے آئین میں تحفظ دینے کا تاریخی اعزاز بھی ہمیں حاصل ہوا، قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی خصوصی شفقت اوردلچسپی کی وجہ سے آزادکشمیر کی تاریخ میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے وہ کام کیے جس کے خواب تمام بڑی شخصیات نے دیکھے تھے لیکن ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے رب العزت نے ہمارا انتخاب کیا جو ریاست کی تاریخ میں سنہری باب کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم نے بڑی محنت سے آزاد خطے کے اسٹیٹس کو نہ صرف قائم کیا بلکہ تمام تر سازشوں کے باوجود اس کی حفاظت کی ہے، عمران حکومت اس اسٹیٹس اور ریاست جموں وکشمیر کے تشخص پر شب خون مارنے کی تیاریاں کر رہی ہے لیکن مسلم لیگ ن اس کے راستے میں ایک مظبوط چٹان بن کر کھڑی ہو گی اور ریاست کا تشخص ختم کرکے تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کرنے والوں کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سابق وزیر حکومت، سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ نثار احمد خان، چڑہوئی سے امیدوار اسمبلی راجہ محمد ریاست، سابق امیدوار اسمبلی راجہ محمد اقبال خان، سابق امیدوار اسمبلی اوور مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر راجہ زبیر اقبال کیانی، سابق امیدوار اسمبلی راجہ محمد ایاز خان، سابق ایڈمنسٹریٹرراجہ محمد ایوب خان اور دیگر رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں اور چڑہوئی کے ضمنی انتخاب میں جماعت کی حکمت عملی اور جماعتی تنظیم سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بانی صدر انجمن تاجراں گل پور حاجی راجہ محمد عارف خان کی زوجہ محترمہ اور سابق صدر یونین آف جرنلسٹس ضلع کوٹلی راجہ آفتاب عارف، راجہ عمران عارف اور راجہ ابرار عارف ایڈووکیٹ کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر امیدوار مسلم لیگ ن حلقہ 5 چڑھوئی راجہ ریاست خان، صدر حلقہ راجہ آفتاب حسین پوتا چئیرمین راجہ عزیز خان، راجہ شفیق پوتا راجہ زاھد محمود راجہ افتخاراور راجہ لیاقت کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین و جماعتی رہنما موجود تھے