دی ہیگ(سیاست نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں ہالینڈ کی دارالحکومت دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ۔ اس موقع پر مظاہرین نے مودی اور بھارت کے خلاف اور کشمیر یوں کی آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ مودی کشمیریوں کا قاتل ہے، بھارتی سرکار کشمیر میں غیر قانونی آبادکاری کو بند کرے،اقوام متحدہ کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دو،جیسے فلک بوس نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے اسی طرح کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈز، بینرز اور پینا فلیکس اُٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے آزادکشمیر کے جھنڈے بھی اُٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف سے کشمیریوں کو بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ عالمی عدالت انصاف مظلوم کشمیریوں کو اُن کا بنیادی حق خودارادیت دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انشا ء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری لائن آف کنٹرول کو دیواربرلن کی طرح روند ڈالیں گے اور آر پار کشمیری ایک ہو جائیں گے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند آر ایس ایس کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر مسلح کشمیریوں کو پچھلے ڈیڑھ سال سے گھروں میں بند کیا ہوا ہے، آرٹیکل370اور 35-Aکو ختم کر نے کے بعد اب مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا رہی ہے اور وہاں پر بیالیس لاکھ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے غیر ریاستی ہندوؤں کو آباد کیا جا رہا ہے تاکہ آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا سکے۔ بھارت کے اس گھناؤنے ہتھکنڈے کے خلاف جو کشمیری آواز بلند کرتا ہے تو بھارتی قابض افواج انہیں پہلے گرفتاراور پھر جیلوں میں بند کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔خواتین کی عصمت دری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں آباد کشمیری اپنی ذمہ داری محسوس کریں کیونکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے اورانہوں نے یورپ میں بسنے والی کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند کریں اور دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں تاکہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت ہمارے کشمیری بہن بھائیوں پر ظلم بند کرے اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرے۔دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہالینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر سلجوک مستنصر تارڑسے دی ہیگ میں یوم سیاہ منانے کی تقریب کے موقع پر تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔