نیلم جہلم کوہالہ پراجیکٹ کا بنیادی مقصد کرپشن تھا،وزیر امور کشمیر

مظفرآباد(سیاست نیوز)نیلم جہلم اور کوہالہ پاور پراجیکٹس کا بنیادی مقصد کرپشن تھا جبکہ پاکستان کو بجلی کے منصوبوں سے زیادہ پانی کے ذخیروں کی ضرورت ہے۔دریا بچاؤ کمیٹی کے مطالبات بالکل درست ہیں حکومت پاکستان اور مظفرآباد کے عوام ایک پیج پر ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور نے دریا بچاؤ کمیٹی کے ایک وفد سے کیا۔جس میں مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین شوکت نواز میر،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرزاق خان،ایل او سی ٹریڈ کے مبارک اعوان،سینٹرل بار کے ہارون مغل،حلقہ چار کے واصق نذیر راجہ،چوہدری مراد علی،بشارت خان مغل،آئی ایس ایف کے زین کھوکھر،وادی جہلم کے مرزا اختر،وقار کاظمی کے علاوہ میر امتیاز،حسیب کاظمی،دانیال چشتی،عماد میراور سول سوسائٹی ایکٹی وسٹ فیصل جمیل کاشمیری شامل تھے۔وفد نے علی امین گنڈا پور وفاقی وزیر امور کشمیر کو نیلم جہلم اور کوہالہ ہائیڈل پاور پراجیکٹس سے متعلق دستاویزات دیتے ہوئے ان پراجیکٹس میں کی گئی بدعنوانیوں سے آگاہ کیا۔اور نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں کئی گئی وعدہ خلافیوں اور آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت کی موجودہ سنگین صورتحال پر مطلع کیا۔وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ اہالیان دارالحکومت دریائے نیلم کا رخ موڑنے کے بعد دریائے جہلم کا رخ تبدیل کیے جانے کی شدید خلاف ہے۔جس کا اظہار پرامن انداز سے تاریخ شٹر ڈاؤن کی صورت میں 10جنوری کو کیا جا چکا ہے۔وفاقی وزیر نے وفد کے تمام مطالبات کو جائز قرار دیا اور ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ خبریں