سرینگر(سیاست نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں برفانی طوفانی کی زد میں آکر تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔کرناہ کپوارہ شاہراہ برفباری کے باعث مسلسل بند ہونے کے باعث گزشتہ رات پانچ افراد نے کپوارہ سے کرناہ کی جانب پیدل سفر شروع کیا جن میں سے اگرچہ 2افراد بحفاظت سادھنا پر پہنچ گئے تاہم 3 افراد سادھنا کے نزدیک موریاں کے مقام پر دم توڑ گئے۔بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق رات قریب 11بجے،2 افراد پیدل چل کر سادھنا ٹاپ پر پہنچے جنہوں نے وہاں موجود فوجی اہلکاروں کو مطلع کیا کہ مزیدتین افراد بھی ان کے ساتھ تھے جو برفانی طوفان کی زد میں آکر موریاں سے آگے نہیں آسکے ہیں اور لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک پارٹی جب موریاں پہنچتی،توتینوں افراد لقمہ اجل بن چکے تھے۔مرنے والوں کی شناخت خالد شیخ ولد قادر شیخ، طاہر خواجہ ولد یونس خواجہ ساکنان حاجی ناڑ اور فرید احمد ولد لال الدین ساکنہ شمس پورہ کرناہ کے بطور ہوئی ہے۔یادرہے کہ اس سے قبل بھی ماہ جنوری میں ٹیٹوال کی ایک خاتون، جو کپوارہ سے کرناہ پیدل سفر کر رہی تھی، حرکت قلب بند ہونے کے سبب لقمہ اجل بن گئی تھی اور اس طرح ایسا کوئی سال نہیں گذرتا ہے جب سادھنا پر بھاری برف بھاری حادثات کا مجب نہیں بنتی ہے۔یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کرناہ۔کپوارہ شاہراہ برف کی بھاری موجودگی کی وجہ سے مسلسل بند پڑی ہے جس کی وجہ سے مجبوری کے عالم میں کبھی کبھی بعض لوگ اس شاہراہ پر پیدل سفر کرتے ہیں۔