مظفرآباد(سیاست نیوز)سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے وزیر سپورٹس آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری محمد سعید کو 5 سال کے لئے اسمبلی رکنیت،انتخاب سے نااہل قرار دیا۔جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء،چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر اور راجہ سعید اکرم خان،سینئر جج پر مشتل دو رکنی بینچ نے میر پور میں فیصلہ سنایا۔سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے 39 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا ہے جبکہ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر نے 12 صفحات پر مشتمل نوٹ میں فیصلہ کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے کچھ اہم پہلوؤں پر قرار داد صادر فرمائی ہے۔تفصیلات کے مطابق میر پور کے رہائشی میر پور کے رہائشی حاجی جاوید اکرم ساکنہ سنگوٹ نے وزیر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر حکومت نے سرکاری ارضیات پر قبضہ کر رکھا ہے اور سپریم کوٹ کے فیصلہ عنوانی محمد عظیم دت بنام راجہ خادم حسین وغیرہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔وزیر حکومت نے سپریم کورٹ گیسٹ ہاؤس میر پور کے ساتھ ملحقہ سرکاری اراضی پر بھی قبضہ کر رکھا ہے جو ریکارڈ مال کے مطابق سپریم کورٹ گیسٹ ہاؤس کی ملکیت ہے۔علاوہ ازیں وزیر حکومت نے میرپور میں بے شمار مقامات پر سرکاری ارضیات پر قبضہ کر رکھا ہے جس میں ان کی تجارتی عمارات بھی شامل ہیں۔سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے گواہان کی دشہادت اور فریقین کا استدلال سماعت کرنے کے بعد فیصلہ سنایا ہے۔