خوشحال پاکستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہے،مسلم،کانفرنس

پاک پتن(سیاست نیوز) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے اسی لیے بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک پتن شریف دربار پر حاضری اور دعا کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ کشمیری آج ہندوستانی فوج کے بدترین محاصرے میں ہے او دنیا اس کا تماشا دیکھ رہی ہے۔یہ غیر سنجیدہ رویے جنوبی ایشیاء کے مستقبل کو تاریک بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے تھا کہ ہندوستان پر اقتصادی پابندیاں عائد کرتی کیونکہ اسی لاکھ لوگوں کو یرغمال بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لیکن دنیا اس وقت تجارتی مفادات میں الجھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ حالات میں کشمیریوں کا واحد سہاراہے۔ اس لیے کشمیری پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے دعا گو رہتے ہیں۔معاشی اور فوجی لحاظ سے مضبوط پاکستان ہی ہندوستان کو کشمیر سے باہر نکال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اداروں کا ٹکراؤ نہ ہونا ایک اچھا شگون ہے جن قوتوں نے اداروں کے ٹکراؤ سے امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں انہیں ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قمر جاوید باجووہ ایک دلیر اور بہادر جرنیل ہیں جنہوں نے بالاکوٹ کے جواب میں ہندوستان کو دھول چاٹنے پر مجبور کر کے اپنی صلاحیت ثابت کی تھی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین یوتھ ونگ مسلم کانفرنس سردار عثمان علی خان، پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے وائس چیئرمین چوہدری نعیم کلیم ودیگر ہمرا ہ تھے۔

متعلقہ خبریں