مظفرآباد انتظامیہ نے منصوعی مہنگائی کے مکمل خاتمہ کا فیصلہ کرلیا

مظفرآباد(سیاست نیوز) ڈپٹی کمشنر بدر منیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس پیر کے روزمنعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامیہ، پولیس، بلدیہ، زراعت، امور حیوانات، صنعت و حرفت،خوراک، بار ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، تاجران جائنٹ ایکشن کمیٹی، انجمن حقوق صارفین، مٹن مارکیٹ، پولٹری ایسوسی ایشن، سبزی فروٹ ایسوسی ایشن، نان بائی ایسوسی ایشن، ٹیلرز، بیکرز، باربرز، ایل پی جی گیس اور کاشتکاروں کے نمائندگان نے شر کت کی۔ اجلاس میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کا جائزہ لیاگیا۔ مختلف محکمہ جات، تاجروں اور صارفین کی شکایات کوزیر بحث لاتے ہوئے ان کے تدارک کیلئے جامع حکمت وضح کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے کہاکہ تاجروں اور صارفین کی مشاورت سے جملہ اشیاء ضروریہ کے انراخ طے کرینگے۔ تاجروں کے مسائل کا ادراک ہے جن کے حل کیلئے اقدامات کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ صارفین کا مطمئن کرنا ہمارا فرض ہے۔ انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں اور صارفین کو خود بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ اصلاح و احوال ہو سکے۔ تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ پرائس کنٹرول کمیٹی زیادہ بہتر طور پر کام کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس ریگولر بنیادوں پر منعقد کیے جائیں گے تاکہ مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انکا تدارک ممکن ہو سکے اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کا سدباب ہو سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام محکمہ جات، تاجروں اور صارفین کے نمائندگان سے تجاویز بھی لیں۔

متعلقہ خبریں