آل آزادکشمیر انٹر کالجیٹ مقابلے شروع، ہفتہ سپورٹس تقریبات کااختتام

میرپور(سیاست نیوز)آزادکشمیرکے وزیرہائیرایجوکیشن کرنل (ر) وقار احمدنورنے کہاہے کہ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نئی نسل کوجدیدتعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے لیے حکومت آزادکشمیر اہم اقدامات اٹھارہی ہے۔ کھیلوں کے مقابلوں سے صحت مند فضاء قائم ہوتی ہے اور ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کاموقع ملتاہے۔ حکومت آزادکشمیر نے نوجوان نسل کے میرٹ کے لیے این ٹی ایس کے ذریعے تقرریاں کرکے نظام تعلیم میں بہتری کے لیے مثبت اقدام اٹھایاہے جس سے بہترنتائج مرتب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے آزادجموں وکشمیرانٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈ میرپورکے زیراہتمام گورنمنٹ غازی الہی بخش گرلز کالج میں آل آزادکشمیر انٹرکالجیٹ کھیلوں کے مقابلہ جات کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر شاہد منیرجرال، پرنسپل محترمہ راشدہ عزیز، ڈائریکٹرسپورٹس سردار طارق اکبر نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹرکالجز پروفیسر نذیر، سابق ڈویژنل ڈائریکٹرکالجز سردار طاہرفاروق کے علاوہ کالج کے سٹاف ممبران ودیگرنے شرکت کی۔ آزادکشمیرکے وزیرہائیرایجوکیشن کرنل (ر) وقار احمدنورنے کہاکہ انسانی دماغ کی نشونما کے لیے کھیلیں نہایت ہی ضروری ہیں۔ ۔ جہاں گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔کھیلوں سے ہمیں نظم وضبط،اتحاد اور ڈسپلن سیکھنے کوملتاہے اور سب سے اہم جوہم سیکھتے ہیں وہ سپورٹس مین سپرٹ ہے کہ ہمیشہ ایک نے جیتنا ہوتااور ایک نے ہارنا ہوتاہے ہار جیت کوخوشی خوشی سے قبول کرناچاہیے۔ انھوں نے کالج اساتذہ پرزور دیاکہ وہ حکومتی ویژن کے مطابق بچوں کے بہترمستقبل کے لیے تعلیمی میدان میں بچوں کی راہنمائی کریں تاکہ ہم ایک بہترین قوم ثابت ہوسکیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں بڑاٹیلنٹ ہے۔ اس کونکھارنے کے لیے کالج اساتذہ اپنی محنت سے بچوں میں نکھارپیداکریں تاکہ بچے معاشرے کاکارآمدشہری بن سکیں۔ حکومت بجٹ کاکثیر حصہ محکمہ تعلیم پرخرچ کررہی ہے۔ دریں اثناء گورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف میں منعقدہ ہفتہ سپورٹس تقریبات اختتام پذیر،طلبہ و طالبات کے مابین کھیلوں کے دلچسپ مقابلے،پوزیشن ہولڈرز میں پرنسپل اور سٹاف نے انعامات تقسیم کیے،سال اول کی دو ٹیموں کے درمیان کرکٹ کا پہلا میچ ہوا،جیتنے والی ٹیم سال دوم سے ٹکرائی،یہ میچ سال اول نے جیت لیا،بعد ازاں سال دوم اور سال سوم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا جو سال سوم کی ٹیم نے جیت لیا،بعد ازاں دو ٹیموں کے مابین والی بال کا میچ بھی ہوا جب کہ طالبات کے مابین بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے،ہفتہ سپورٹس کے دوران کلاسز بھی باقاعدگی سے ہوتی رہیں،کھیلوں کے ان مقابلوں میں سٹاف نے بھی بھرپور شرکت کی،ہفتہ سپورٹس کی اختتامی تقریب کے موقع پر جیتنے والی ٹیموں کو پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالکریم نے انعامات سے نوازا،طلبہ و طالبات کی جانب سے کنونیئر پروفیسر عبدالحفیظ درانی کا بھی شکریہ ادا کیا گیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کالج نے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف طلبہ و طالبات کی صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے کیلئے نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی باقاعدگی کے ساتھ اہتمام کر رہا ہے،نوجوان نسل پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں،انھیں ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار رکھنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں