ایل اوسی پر اینٹی ٹینک میزائل نصب،بھارت کومنہ توڑ جواب ملے گا،پاک فوج

نئی دہلی(سیاست نیوز) پڑوسی ملک بھارت نے سرحد پر اینٹی ٹینک میزائل سمیت دیگر میزائل نصب کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے داخلی مسائل کے دوران دشمن کی شرپسندی کی سازشیں سامنے آنے لگی ہیں، بھارت شر انگیزیوں کے لیے پھر سے پر تولنے لگا، سرحدوں پر غیرمعمولی نقل و حرکت بڑھا دی گئی ہے۔ بھارت نے پاک انڈیا بارڈر پر براہموس اور اسپائک میزائل نصب کر دیے ہیں، جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا ہے۔

اسلام آباد(سیاست نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر بھارت کو متنبہ کردیا ہے کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا جواب دینے کو تیار ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گی، بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان لائن آف کنٹرول کی صورتحال بگاڑنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیان بھارت میں احتجاج سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت ہمیشہ اپنے داخلی معاملات اور انتخابات میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔

اسلام آباد(سیاست نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے، پاک فوج بر وقت اور مناسب جواب کی صلاحیت رکھتی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم پر ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو ارسال کیا۔ یہ میرا ساتواں خط تھا جس میں بھارتی اقدامات کی نشاندہی کی ہے، ان اقدامات سے بھارت کے ناپاک عزائم ظاہر ہوتے ہیں، سلامتی کونسل کی توجہ خاص طور پر 4 اقدامات پر دلائی ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر لگی باڑھ کو 5 جگہ سے کاٹا ہے۔ اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایل او سی پر باڑھ کاٹنے پر ہمیں تشویش ہے۔ جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 300 نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خط کی بنیاد پر سیکیورٹی کونسل میں چین نے مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا، پہلی بار 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظر مسئلے کو اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ خبریں