جنگ بندی لائن پربلااشتعال بھارتی فائرنگ، 12مکانات تباہ،نیلم میں بلیک آوٹ،ایمرجنسی نافذ

نیلم(سیاست نیوز) بھارتی فوج کی وادی نیلم لیپا سے کیل تک ایل او سی پر سویلین آبادیوں پر بلا اشتعال گولہ باری12 مکانات تباہ درجنوں کو جزوی نقصان پاک فوج کی جوابی کاروائی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام پانچ بجے بھارتی فوج نے وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول پر آٹھمقام، جورا، نوسیری، پنجکوٹ پٹھیالی، ٹیٹوال، کیرن، دودھنیال شاردہ کیل سیکٹرز میں مارٹرز اور ہیوی توپخانے سے گولہ باری شروع کر دی گولہ باری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا پلنگ اور شاہکوٹ کے مقامات سے بجلی کی ٹرانسمشن لائینیں تباہ ہونے سے پوری وادی نیلم میں بلیک آؤٹ ہوگیا ہے۔ شاہکوٹ کے مقام پر حاجی گلزمان، محمد صادق کے تین مکانات توپ کا گولہ لگنے سے مکمل تباہ ہو گئے ہیں۔ سالخلہ میں راجہ ہاروں کے مکان کے اوپر گولہ لگنے سے مکان ناقابل رہائش ہوگیا ہے۔ لالہ گاؤں میں افضل بیگ کا مکان تباہ ہو گیا ہے جبکہ متعدد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گاؤں بگنہ پائین میں صحافی خواجہ فیاض حسین کے مکان کے قریب چھ سے زائد گولے پھٹے سے مکان املاک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بالائی نیلم چاں گاں میں اشرف بٹ، روش دین کے مکانوں کے اوپر توپ کا گولہ لگنے سے مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں۔ جبکہ جورا میں امتیاز احمد کے تین رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوئے ہیں۔ پانچ گھنٹے کی مسلسل گولہ باری سے اربوں روپے کی ا ملاک کا نقصان ہوا ہے۔ درجنوں مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ عوام نے رات تہہ خانوں اور بنکرز میں گزاری اور کچھ کھا پی نہیں سکے ہیں۔ پاک فوج کی طرف سے بھارتی گولہ باری کا جواب دیا جاتا رہا جس سے بھارتی فوج کی پوسٹوں پر آگ بھڑک اٹھی کئی بنکر تباہ ہوئے ہیں بھارتی فوج کا کافی جانی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ گولہ باری سے علاقہ میں خوف ہراس پایا جاتا ہے تعلیمی ادارے سرکاری دفاتر بند ہو گئے ہیں۔ جبکہ ریٖڈالرٹ کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے

متعلقہ خبریں