عباسپور کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان،عوام کو مایوس نہیں کریں گے،وزیراعظم

عباسپور (سیاست نیوز)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے عبّاسپور کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔۔ عبّاسپور میں پوسٹ گریجویٹ کالج،عباسپور آئی ٹی یونیورسٹی کیمپس، میونسپل کمیٹی عباسپور،تروٹی گرلز مڈل سکول کو ہائی سکول، ایڈیشنل سیشن جج کا دفتر، کاہموڑہ گھمیر سول ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرنے اورٹی ایچ کیوعباسپور کو مکمل فعال کرنے کا اعلان۔ عباسپورکالج گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میں اہلیان عباسپور کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے منتخب کر کے ایوان تک پہنچایا اور ان کی بدولت میں ریاست کا وزیراعظم ہوں۔ مجھے اللہ رب العزت پر پورا یقین تھا کہ مجھ سے کوئی بڑا کام لے گا۔ عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دونگا، آزادکشمیر میں تحریک انصاف ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہی ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہنمائی اور سرپرستی میں ریاست کو مثالی خطہ بنائیں گے۔ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت ہرشعبے میں عوام بہتری محسوس کریں گے۔یہاں کے عوام کے مسائل کا علم ہے ترجیحی بنیادوں پر عباسپور کے مسائل حل کروں گا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے،اللہ رب العزت نے اقتدار عوام کی خدمت کے لیے دیا،عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، آزادکشمیر کو خوشحال خطہ بنائیں گے۔ ماضی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو نظرانداز کیا گیا مگر پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبوں کو مضبوط بنائے گی، عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور ایل او سی پر آئے روز بھارتی جارحیت کی بھی مذمت کی اور کہا کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی کے قریب بسنے والے لوگوں کی مشکلات سے آگاہ ہیں، حکومت ان علاقوں کے عوام کے لئے صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے مزید بڑا ترقیاتی پیکیج لا رہی ہے۔ ایل او سی پر بسنے والے دفاع وطن میں ڈھال ہیں انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائرایجوکیشن ملک ظفر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام نے عمران خان کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائے گی، آزادکشمیر میں ترقی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہے ہیں،کچھ عرصہ میں آزادکشمیر کے عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی محسوس کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی کا عباسپور آمد پر بھی شاندار استقبال کیا گیا،عوام علاقہ اور کارکنان تحریک انصاف نے عباسپور آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا،عوام علاقہ ریلی کی صورت میں وزیراعظم کوویلکم کرنے عباسپور پل پہنچے اور انہیں خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اورکارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے وزیراعظم کو عباسپور پل سے کالج گراونڈ جلسہ گاہ پہنچایا۔وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔جلسہ کے آخر میں بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا

متعلقہ خبریں