ضمنی انتخابات،ضابطہ اخلاق کی پابندی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے،چیف الیکشن کمشنر

میرپور (سیاست نیوز)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس(ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوحلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 10 اکتوبرکوہوگی۔حلقہ ایل اے تھری میرپوراورحلقہ ایل اے پانچ چڑہوئی میں انتخابی عمل کوصاف شفاف،منصفانہ اور پرامن بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کویقینی بنایاجائے۔امن و امان کے قیام اور سیکورٹی کے انتظامات کے لئے آزادکشمیرپولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انتخابی عملہ،انتظامیہ، پولیس مکمل غیرجانبدار رہے گی۔الیکشن کے پراسیس کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں تاکہ آزادانہ،منصفانہ و غیرجانبدارانہ ضمنی انتخابات مکمل ہوسکیں۔مقامی ملازمین کی پولنگ اسٹیشن پرتعیناتی سے اجتناب کیاجائے۔انتخابی عملہ کی کسی قسم کی سستی لاپروائی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔انتخابی عملہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دیں ان کی حفاظت اور عزت نفس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی انتخابات میرپور اور چڑہوئی کے سلسلہ میں انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر چوہدری محمد رقیب خان، ڈی آئی جی پولیس چوہدری سجاد حسین، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کوٹلی میاں عارف حسین، ریٹرنگ آفیسر حلقہ ایل اے تھری میرپور جہانگیراحمدجرال،ریٹرنگ آفیسر حلقہ چڑہوئی سید مظہرعلی کاظمی،ڈپٹی کمشنر میرپور بدر منیر،ڈپٹی کمشنرکوٹلی امجدعلی مغل، ایس ایس پی میرپور راجہ عرفان سلیم، ایس پی کوٹلی شوکت مرزا،اسٹنٹ الیکشن کمشنر خواجہ ارشد محمود نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈویژن میرپور کے دوحلقہ جات میں حلقہ ایل اے تھری میرپور شہراور حلقہ ایل اے پانچ کوٹلی چڑہوئی کے ضمنی انتخاب میں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی گی۔الیکشن پراسیس میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔الیکشن ایکٹ کے مغائر کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے انتخابی قانون اور ضابطہ پر کوئی کمپرومائز نہ کیاجائے۔پولنگ اسٹیشن پر صرف اس پولنگ کے رجسٹرڈ ووٹرز، انتخابی عملہ، ڈیوٹی پر مامور ملازمین کے علاوہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص داخل نہیں ہوسکے گا۔چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر)عبدالرشید سلہریانے کہاکہ ضمنی الیکشن کمپین میں وزراء حکومت سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور پروٹوکول پرمکمل پابندی عائد ہے۔ امیدواران پوسٹر،پینافلیکس،بینرزبناتے ہوئے ضابطہ اخلاق کوفالوکریں۔خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی

متعلقہ خبریں