حکومت سرکاری وسائل کے ساتھ ضمنی الیکشن پر حملہ آور،الیکشن کمیشن نوٹس لے،پیپلزپارٹی

کوٹلی(سیاست نیوز) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ سرکاری وسائل کے ساتھ ضمنی انتخابات پرحملہ آوروزراء کا لشکر 10اکتوبر کو نامراد لوٹ جائے گا۔ ووٹرز نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواران کے حق میں اپنا فیصلہ چڑھوئی کے تاریخ ساز جلسہ میں سنادیا ہے۔ وزراء،سرکاری وسائل کے ساتھ حلقوں میں دھندھناتے پھررہے ہیں۔الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لیناچاہیے۔سرکاری گیسٹ ہاؤسز پر بھی وزراء کا قبضہ ہے۔اس سے زیادہ کس ثبوت کی ضرورت ہے۔دھونس دھاندلی کی ہرکوشش پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ناکام بنادیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکاری ملازمین کی پولنگ کے دوران بلدیہ ہال میں پولنگ اسٹیشن کے معائنہ کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وزراء کی حلقوں میں مداخلت الیکشن پر اثرانداز ہونے کے لیے جعلی تقرر نامے جھوٹی اور فراڈ سکیمیں عوام کو بے خوف نہیں بناسکتے۔ ووٹرز ان حقائق کو جانتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری جیسے قومی لیڈر کی آمد کے موقع پرحکومتی اراکین کی جانب سے بدمزدگی کی جو کوشش کی گئی تو ایسے رویے رہے تو پھر کسی کا لیڈر بھی کشمیر کی سرزمین پر پاؤں نہیں رکھ سکے گا۔ ہم نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ یہ ہماری تربیت ہے لیکن اگر کوئی اسے ہماری کمزوری سمجھتا ہے تو جیالے ہر طرح کی صورتحال کا جواب دینا جانتے ہیں ہم نے صاف وشفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کوضمنی انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا تحریری مکتوب بھیجا ہے اب اس حوالے سے ووٹرز کو تحفظ فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے

متعلقہ خبریں