متاثرین منگلا سمیت میرپور کے تمام مسائل حل کریں گے، عبدالقیوم نیازی

میرپور (سیاست نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے آبائی گھرچیچیاں آمد۔۔ ان کے صاحبزادے چوہدری یاسرسلطان کوحلقہ ایل اے تھری میرپور سے پی ٹی آئی کے نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی بننے پرمبارک باد دی اور نیک خواہشات کااظہارکیا۔وزیراعظم نے کہاکہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تحریک آزادی کشمیراور خطہ کے عوام کے لیے بڑی سیاسی خدمات ہیں۔آپ بھی بطور ممبراسمبلی اسی طرح عوام کی خدمت کریں جس طرح آپ کے آباؤاجداد نے لوگوں کی خدمت کی ہے۔اس موقع پر وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین، پی ٹی آئی کے راہنما شیراز اکرم سمیت پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ چوہدری یاسر سلطان کی کامیابی تحریک انصاف کی کامیابی اور چیئرمین تحریک انصاف و وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت آزاد خطہ میں تحریک آزادی کشمیر سمیت خطہ کی مثالی تعمیر و ترقی کے لئے ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کا فائدہ بلاتخصیص ہر فرد کو پہنچے گا اور لوگوں کو تبدیلی نظر آئے گی۔انھوں نے کہاکہ متاثرین منگلاڈیم کی پاکستان کی معیشت کے لیے لازوال قربانیاں ہیں۔متاثرین منگلاڈیم کے اضافی کنبہ جات سمیت میرپور کے تمام مسائل حل کریں گے۔اہلیان میرپور نے جس طرح تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس کا صلہ انہیں ملے گا عوام سے گزشتہ عرصہ میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے۔ بعد ازاں انھوں نے میڈیانمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے آزادکشمیرکے لیے 500 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر کام جاری یے جس کا اعلان وزیراعظم پاکستان خود کریں گے، اس پیکج سے آزادکشمیرمیں میگاپراجیکٹس شروع کریں گے، انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل اور میرپورکی گریٹرواٹرسپلائی سکیم کو بھی مکمل کریں گے۔رٹھوعہ ہریام برج کو کشمیرکونسل سے نکال کرپی این ڈی میں لے آئے ہیں،یہ پراجیکٹ جلد مکمل ہوگا۔انھوں نے کہاکہ میڈیا تحریک آزادی کشمیر کوموثرطریقے سے اجاگرکرے۔ تحریک آزادی کشمیر آخری اور فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے جس میں مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کاہرفرد شامل ہے۔تحریک آزادی کشمیر کے حریت رہنما سید علی گیلانی شاہ نے جونعرہ ہمیں دیاہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہماراہے۔ اب یہ نعرہ ریاست کے ہربچے اور بوڑھے کی زبان پرآگیاہے۔ بھارت نے ظلم وجبرکے تمام حربے استعمال کرکے دیکھ لیے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کوسرد نہیں کرسکا۔ دنیا ترقی یافتہ ممالک کے مفادات پرفوری فیصلہ کرتی ہے جبکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرکے عوام گذشتہ 74 سالوں سے ظلم وستم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کشمیریوں کی سفارتکاری کاصحیح معنوں میں حق اداکیاہے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیرپوری دنیامیں اجاگرہواہے اور عالمی دنیاکی توجہ کامرکز بن رہاہے۔

متعلقہ خبریں