کوٹلی میرپور شاہراہ کی تعمیر،4سو بستر کے ہسپتال کا منصوبہ جلد شروع کریں گے، بیرسٹرسلطان

کوٹلی(سیاست نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر اُٹھانا شروع کر دیا ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ اُن کی اس جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ میں نے حکومت سے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں جلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، اسی طرح احتساب کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے تاکہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس قائم ہو اور کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ یہ بھی ہمارا عوام سے وعدہ ہے کہ جہاں ہم احتساب بیورو کے ساتھ ساتھ عوامی احتساب بھی کریں گے جن کرپٹ لوگوں کے نام میرے سامنے آئیں گے میں عوام کے سامنے رکھوں گا۔ کوٹلی کے عوام نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور میں نے اپنے دور میں کوٹلی کے لئے ترقیاتی کام کیے تھے۔ لہذا اب جبکہ ہماری اپنی حکومت ہے ہماری حکومت کوٹلی کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزادکشمیر نے کوٹلی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ اس موقع پر جلسہ سے وزیر بحالیات چوہدری اخلاق احمد،وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر،وزیرصحت انصر ابدالی،وزیرسماجی بہبود سردار محمد حسین،وزیر قانون فہیم اختر ربانی،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، وزیر برقیات چوہدری ارشد،ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر،ممبر کشمیر کونسل سردار رزاق، سابق وزیر ڈاکٹر محمود ریاض، ممبران اسمبلی دیوان غلام محی الدین، چوہدری یاسر سلطان، جاوید بٹ، صبیہہ صدیق، عاصم بٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور بھارتی قابض افواج نے کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کی انتہا کر دی ہے۔کشمیریوں سے اُن کی زمین چھینی جا رہی ہے انہیں اپنے گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ہندوستانی قابض افواج بچوں، جوانوں اور بوڑھوں کوعقوبت خانوں میں ڈال رہی ہے جہاں پر اُن کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے ان مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے میں بین الاقوامی فورمز اور دنیا کے طاقتورایوانوں میں مظلوم کشمیری عوام کی آواز پہنچاؤں گا۔ صدر آزادکشمیر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آزادکشمیر میں گڈ گورننس اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی کو میرپور ڈیول کیرج وئے کے ذریعے شاہراہ کشمیر سے منسلک کیا جائے گا۔ اسی طرح واٹر سپلائی کی سکیم کے لئے بھی میں حکومت سے بات کروں گا۔ کوٹلی میں چار سو بستروں کے ہسپتال کی تعمیر کے لئے بھی کام جلد شروع کر دیا جائے۔ جبکہ کوٹلی کے عوام کے دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی میں حکومت سے کہوں گا ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں