میرپور، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی،4کنال اراضی واگزار، محکموں سے تفصیلات طلف

میرپور سیاست نیوز)چیف سیکرٹری آزادکشمیرکی ہدایت پر ڈپٹی کمشنربدرمنیرنے ضلع کے تمام سربراہان محکمہ جات کوہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمہ کی آراضی کے متعلق مکمل تفصیل فراہم کریں اور جن اداروں کی زمین یا عمارات پر کسی فرد یا ادارے نے قبضہ کر رکھا ہے اس کی تفصیل بھی ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ ڈپٹی کمشنرآفس میرپورکوفراہم کریں تاکہ اس کے مطابق متعلقہ محکمہ یا پرائیویٹ لینڈ مافیاکے خلاف لینڈریونیوایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لاکر اس ادارے کی پراپرٹی واگزار کروائی جاسکے۔ سرکاری اراضی گورنمنٹ کی ملکیت ہے،جس جس محکمہ کو زمین الاٹ ہے اس کاتحفظ متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ آج انتظامیہ نے غیرقانونی قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سمال انڈسٹری اسٹیٹ میرپورکی اراضی تعدادی چارکنال غیرقانونی قابضین سے چھڑواکرمحکمہ انڈسٹری کے حوالے کردی۔ان خیالات کااظہار انھوں نے سرکاری اراضی کی حفاظت اور ناجائز قابضین سے اسے واگزار کروانے کے حوالے سے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹراوقاف مقصود حسین عباسی، ڈویژنل ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ راجہ محمدفیاض، اے ایس پی عدیل احمد، چیف آفیسر بلدیہ ارشدمحمود چوہدری، تحصیلدار سید کلیم عباس، تحصیلدار ڈڈیال سیماب اسلم، ڈویژنل ڈائریکٹرصنعت وحرفت سردارسرفرازخان، ایس ڈی او بلڈنگ محمد نعمان، ایس ڈی او پی ایچ ای محمدامان کے علاوہ دیگرنے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرنے محکمہ لوکل گورنمنٹ، اوقاف، بلدیہ،بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج کے علاوہ دیگرسرکاری محکمہ جات کے افسران کوہدایت کی کہ اگر ان اداروں میں سے کسی بھی ادارے کی سرکاری اراضی پرناجائز قبضہ کیاہواہے تواسے واگزارکروانے کے لیے جلد رپورٹ کریں تاکہ اس کے خلاف لینڈ ریونیوایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

متعلقہ خبریں