مظفرآباد(سیاست نیوز)کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی زیر صدارت مظفرآباد انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کا خصوصی اجلاس،ایوارڈ شدہ رقبوں پر قبضے،تجاوزات کے خاتمہ کے خلاف آپریشن کے انتظامات کا جائزہ،کرپشن کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات،عوام کیساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کی ہدایت۔اجلاس کمشنر دفتر میں مسعود الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سمیت اسسٹنٹ کمشنر،تحصیلدار،نائب تحصیلداران سمیت فیلڈ عملہ اور دفتری سٹاف نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آنے والے سائلین کے ساتھ ہمارا رویہ خوشگوار اور دوستانہ ہونا چاہیے۔سائلین سے بدتمیزی کی شکایت یا پھر رشوت لے کر کام کرنے کی شکایت پر سخت نوٹس لیاجائے گا۔کسی کا جائز اور قانونی کام رکنا نہیں چاہیے اور ناجائز کام ہونا نہیں چاہیے۔محکمے میں بددیانت اور کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔فیلڈ عملہ اپنی حدود میں تجاوزات اور سرکاری رقبوں پر قبضہ کے حوالے سے اپنے آفیسران کو فوری آگاہ کریں اگر کسی کی حدود میں سرکاری رقبوں پر قبضے یا تجاوزات پائی گئیں تو پہلے فیلڈ آفیسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔گورنمنٹ کے محکموں کو ایوارڈ شدہ رقبہ جات پر قبضوں کی شکایات موصول ہورہی ہیں جبکہ کیا جائے کہ محکموں کو کتنا رقبہ ایوارڈ ہے کتنا ان کے قبضہ میں ہے اور باقی اگر بچتا ہے تو کہاں ہے۔کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن نے عملہ کو بتایا کہ اجلاس بلانے کا مقصد اپنے کام میں بہتری لانا ہے۔عوام کو ہم پر توقعات ہیں جس پر پورا اترنا ہماری ذمہ داری ہے۔تعمیلی رپورٹس پر بروقت کارورائی یقینی بنائی جائے،گرداوریاں بروقت مکمل کی جائیں اور پٹواری موقع پر جاکر گرداوریاں کریں۔تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے،سرکاری سطح پر جو ترقیاتی کام جاری ہیں ان میں زمین کے معاملات فوری حل کیے جائیں۔مین شاہراؤں اور لنک روڈز پر قبضے جمانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائیں،فیلڈ عملہ ایوارڈ شدہ رقبہ سمیت سرکاری زمینوں پر قبضے پر فوری رپورٹ کرے۔اسسٹنٹ کمشنر،تحصیلداران اور نائب تحصیلداران فیلڈ عملہ کی خود نگرانی کریں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بحال رکھنا بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ضلعی انتظامیہ اپنے فرائض پورے کرے گی تو عوام کے آدھے معاملات حل ہوجائیں گے۔ہمارے دفتروں میں آنے والوں کی عزت کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔سائلین شکایات کی صورت میں مجھے یا ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر آفیسران کو آگاہ کریں۔انہوں نے سٹاف کو خبردار کیا ہے کہ سائلین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے،رشوت لینے والے اور بددیانتی کرنے والوں کو کسی صورت بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنے شہر اور ریاست کو مضبوط کرنا ہے،ہر شخص اپنے فرائض ذمہ داری سے پورے کرے۔دفتری سٹاف اور فیلڈ عملہ دفتر ی اوقات میں دفاتر میں موجود رہے۔اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر آفیسران سائلین کے مسائل سننے کے لیے بھی دفتری اوقات میں وقت مقرر کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے سائلین کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ندیم احمد جنجوعہ اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد سردار عبدالقادر نے کمشنر مظفرآبا د کو یقین دلایا کہ وہ بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دفتری سٹاف اورفیلڈ عملہ شکایت یا مسائل کی صورت میں ہمیں آگاہ کرے ان کے مسائل بھی حل کریں گے لیکن سائلین کے مسائل حل کرنے میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ہمارا کام اپنی حدود میں قانون پر عملدرآمد کروانا ہے،تجاوزات سمیت ناجائز قابضین کے خلاف موثر آپریشن کریں گے جس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔جو قانون کے مطابق کام کرے گا اسے شاباش ملے گی اور جو غیر قانونی کاموں میں ملوث پایا گیا تو اسے سزا ملے گی،پرائس کنٹرول سمیت دیگر معاملات پر بھی موثرحکمت عملی طے کرنے کی ضرورت ہے جس پر کام جاری ہے۔