تھری فیز ٹرانسفارمرکی تنصیب، کم وولٹیج کے مسئلہ پر قابو پالیں گے،چیف انجینئر برقیات

دھیرکوٹ/مظفرآباد(سیاست نیوز)محکمہ برقیات کے زیر اہتمام سب ڈویژن دھیر کوٹ اور باغ ہیڈ کوارٹر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا،کھلی کچہریوں میں چیف انجینئر برقیات تنویر حسین خان،ایکسین اوپریشن ڈویژن باغ مبشر سرفراز سمیت سیاسی وسماجی راہنماؤں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صارفین برقیات سے مسائل معلوم کرتے ہوئے چیف انجینئر برقیات نے ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات صادر فرماتے ہوئے کہا کہ محکمہ برقیات صارفین کی خدمت پر یقین رکھتا ہے،صارفین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔برقی لائنوں کی شاخ تراشی اور مینٹی ننس ضروری عمل ہے اس کے لیے عوام کا تعاون درکار ہوتا ہے۔بلنک پراسس کی مشکلات کے ازالے کے لیے آئندہ ہر میٹر ریڈر گھر گھر بجلی بل پہنچائے گا۔فرائض میں غفلت ولاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ٹرانسفارمرز پر اوور لوڈ کے مسئلے کو بھی حل کریں گے۔تھری فیز ٹرانسفارمر لگاکر کم وولٹیج کے مسئلے پر قابوپائیں گے۔نئے تعمیر ہونے والے گھروں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایچ ٹی بورڈ فراہم کیے جائیں گے۔ایکسین برقیات کوہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نئے ٹرانسفارمرپول سمیت عوامی ضرورت کے پیش نظر ترقیاتی سکمیں بناکر فوراً مرکزی دفتر کو ارسال کریں تاکہ اے ڈی پی میں شامل کی جاسکیں۔چیف انجینئر برقیات نے کہا کہ باغ شہر کے اندر بجلی کی تاروں کو اونچا کرنے کے لیے لمبے ایچ ٹی بورڈ لگائے جائیں گے۔ٹرانسفارمر ورکشاپ میں ٹیکنکیل سٹاف اور اوپریشن ڈویژن میں بھی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔کسی بھی قسم کے ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ٹی این پی دی جائے گی۔چیف انجینئر برقیات نے کہا کہ جس جگہ پر ڈیمج یا ٹیمپرڈ میٹر ہو اسے فورا تبدیل کردیں اور نیا ڈیجیٹل میٹر صارف کو فراہم کریں۔میٹر اور سروس تار محکمہ کے پاس موجود ہے،میٹر کی سرکاری فیس داخل خزانہ کرواتے ہوئے نیا میٹر حاصل کریں۔محکمہ کے پاس سروس کی معیاری تار موجود ہے جو کہ 60روپے میٹر میں دستیاب ہے۔دھیر کوٹ کے مقام پر منعقدہ کھلی کچہر ی میں پی ٹی آئی کے راہنما سابق امیدوار اسمبلی میجر (ر)لطیف علی،سابق امیدوار اسمبلی ن لیگ کے مرکزی راہنما افتخار ایوب،پی ٹی آئی راہنما راجہ اعجاز،راجہ انصر رفیق،جے یو آئی کے راہنما مولانا امتیاز سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ان سیاسی اور سماجی راہنماؤں نے چیف انجینئر برقیات کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائے۔ازاں بعد باغ ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کھلی کچہری میں ایس ڈی او حمزہ شاہد،خالد گیلانی،چوہدری عبدالمجید،سید کامران قلندر گردیزی سماجی راہنما اور افضل کشمیری سمیت دیگر نے با غ شہر کے اندر عوام کو در پیش مسائل بارے چیف انجینئر برقیات کو آگاہ کیا۔

متعلقہ خبریں