بنک، کمرشل ادارے، کمپنیاں، مظفرآبادشہر کی تعمیر وترقی میں حصہ ڈالیں،خواجا فاروق

مظفرآباد(سیاست نیوز)وزیر بلدیات ودیہی ترقی آزاد حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ مظفرآباد کی تعمیروترقی کے لئے آزادکشمیر میں کام کرنے والے بنکوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مظفرآباد آزادکشمیر کا دارالحکومت ہے اور یہ ریاست کا چہرہ ہے۔ اسے خوبصورت شہر بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ کمرشل ادارے اور کمپنیاں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ حکومت آزادکشمیر مظفرآباد شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے بھرپور وسائل مہیا کر رہی ہے۔ دریائے جہلم اور دریائے نیلم پر چار آر سی سی پلوں کی تعمیر کے منصوبے جلد شروع ہو جائیں گے۔ مظفرآباد کو دارالحکومت کے شایان شان بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مظفرآباد میں قائم شیڈول اور نان شیڈول بنکوں کے مقامی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں نیشنل بنک، حبیب بنک،الائیڈ بنک،یونائیٹڈ بنک، مسلم کمرشل بنک،بنک الفلاح، کشمیر بنک،پنجاب بنک سمیت مجموعی طور پر 27بنکوں کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،لوکل گورنمنٹ کے افسران،وائس چیئرمین لوکل گورنمنٹ بورڈ ملک عنصر سہیل،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن وڈپٹی کمشنر مظفرآباد قدیم جنجوعہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیر بلدیات نے بنک حکام سے شہر کی خوبصورتی،شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر منصوبہ جات شروع کرنے میں تعاون طلب کیا۔ جس پر بنک حکام کی طرف سے یقین دھانی کرائی گئی کہ ہر بنک شہر کے اندر ایک ایک ترقیاتی منصوبہ شروع کرے گااور دارالحکومت کو خوبصورت بنانے کے لئے انٹری پوائنٹس،پبلک پارکس، سٹریٹ لائٹس، چوکوں کی تزئین وآرائش،پلوں کی مرمت، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ تمام بنک شہر کے اندر تعمیروترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مظفرآباد آزادکشمیر کے ہر شہری کا دوسرا گھر ہے۔ شہر کو دارالحکومت کے شایان شان بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ پہلی بار تمام بنکوں کے اعلیٰ افسران کا اجلاس طلب کر کے تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ بہت جلد موبائل سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں کے مقامی ذمہ داران کا اجلاس بلا کر ان سے بھی ترقیاتی منصوبوں کے لئے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حکومت آزادکشمیر آزاد خطہ سمیت دارالحکومت کی ترقی وخوشحالی کے لئے تمام تر وسائل مہیا کر رہی ہے۔ شہر کی تعمیروترقی اور خوبصورتی کے لئے تمام بنکوں،نجی مالیاتی اداروں اور کمپنیوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا اور ہر ادارے سے ایک ایک عوامی منصوبے کے اجراء کو یقینی بنایا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی یو سی گوجرہ کی وائس چیئرمین محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ سے ملاقات،عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

متعلقہ خبریں