مظفرآباد(سید اخلاق حسین بخاری/ سٹاف رپورٹر)نیا پاکستان اپنا گھر سکیم آزادکشمیر کے لوگوں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے۔ عمران خان کے دور حکومت میں نیا پاکستان سکیم کے تحت ملک بھر میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیاگیا۔ آزادکشمیر میں بھی سکیم کے تحت اڑھائی سو روپے فی فارم کے حساب سے لاکھوں لوگوں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ خاص کر اوورسیز کشمیریوں نے بڑے پیمانے پر انوسٹمنٹ کی۔ مظفرآباد، باغ، نیلم، سمیت مختلف اضلاع میں لوگوں سے کئی ہفتوں تک درخواسیتں وصول کی جاتی رہیں۔ مگر عمران خان کے دور حکومت میں بھی معاملہ گول کردیا گیا۔ اس کے بعد سیاسی کشیدگی اور عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے باعث عوام اپنا گھر سکیم کے تحت جمع کرائے گئے درخواست فارم اور رقوم بھول گئے۔ اب آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوچکی ہے۔ درخواستیں دینے والوں نے وزیراعظم تنویر الیاس جو کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کے صدر بھی ہیں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے عمران خان سے بات کریں اور لوگوں کو ان کے پیسے واپس دلائے جائیں۔ یا انہیں آزادکشمیر میں گھر مہیا کیے جائیں۔ بڑے پیمانے پر درخواست فارم جمع کروائے گئے آزادکشمیر کے عوام کے کروڑوں روپے بنتے ہیں کسی کو علم نہیں کہ یہ رقم کہاں گئی ہے۔ حکومت آزادکشمیر اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ غریب لوگوں کے پیسے واپس دلانے کے لیے ہائی کمان سے رابطہ کرے۔آزادکشمیر سے کروڑوں روپے وصول کرنے پر اپوزیشن جماعتوں نے بھی چپ سادھ رکھی ہے کوئی اس حوالے سے بات نہیں کررہا۔

متعلقہ خبریں