مظفرآباد(سٹاف رپورٹر) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے آٹے کے بحران کے حوالے سے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادکشمیر آٹے کی قلت پر فوری قابو پانے کے لئے اقدامات کرے کرے۔محکمہ خوراک کے ٹھیکیداران کی ہڑتال جتنی جلد ممکن ہو ختم کروائی جائے۔ ٹھیکیداران کے معاملات بڑی حد تک جائز اور قابل توجہ ہیں۔حکومت آزادکشمیر ٹھیکیداران کے جائز مطالبات کوحل کرنے کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسے فور ی طور پرحل کیے جائیں۔ان خیالات کااظہار صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مجاہد منزل میں سینئر مسلم کانفرنسی رہنما سردار الطاف حسین، میجر سردار نصراللہ خان، سردار منظور، ساجد قریشی،سردار عاصم زاہد عباسی اور رانا غلام حسین ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آٹا کنٹریکٹرز کی ہڑتال سے آزاد کشمیر بھر کی فلور ملز سے آٹا نہ ملنے کی وجہ سے ریاست میں آٹا بحران شروع ہوچکا ہے اور عوام الناس سرکاری آٹے کے لیے دربدر ہو کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر رمضان المبارک کے لئے آٹے پر سبسڈی دیاور اگر یہ ممکن نہ ہوتو کم از کم ضروری ہے کہ آٹے کی فراہمی کو ہر جگہ یقینی بنایا جائے۔ ملوں میں موجود آٹے کے ذخائر بلا تاخیر لوگوں میں پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ حکومت دستیاب وسائل میں رمضان پیکج دینے پر غور کرے۔

متعلقہ خبریں