متعددریاستی وزراء مبینہ طور پر سرکاری منصوبہ جات کے خود ہی ٹھیکے دار بن گئے

مظفرآباد(سیاست نیوز)آزادکشمیر کے متعدد وزرا وزیراعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبہ جات کے ٹھیکیدار بن گئے، ذرائع کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے زیر اہتمام پی ایم آئی ڈی پی کے زیادہ تر منصوبے مکمل کرنے کے لئے ممبران اسمبلی اور وزراء حکومت نے ڈمی ٹھیکیداروں کے نام پر کام شروع کررکھے ہیں۔ کئی وزراء کی جانب سے ایکسویٹر مشینیں خریدنے کی اطلاعات ہیں۔ ضلع باغ، لیپہ سمیت کئی علاقوں میں وزراء نے اپنی مشینیں خرید کر عزیز رشتہ داروں کو منصوبوں کا پراجیکٹ لیڈر بنوایا ہے جبکہ ایک وزیر کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ تعمیراتی کاموں کا تمام میٹریل بھی خود فراہم کررہا ہے اور منصوبوں کے پراجیکٹ لیڈروں سے کہا جارہا ہے کہ محکمہ کی طرف سے ملنے والے چیک پی آر او کو واپس کئے جائیں۔ ضلع باغ کے دو حلقوں میں دو وزراء حکومت نے اپنے عزیز رشتہ داروں کے نام پر وزیراعظم کے ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں پر کام شروع کررکھا ہے اور دونوں وزراء نے حال ہی میں مشینیں بھی خریدی ہیں اسی طرح وادی لیپہ سے تعلق رکھنے والے وزیر حکومت نے مشینیں خرید کر اپنے عزیزوں کے نام پر ٹھیکیداری بھی شروع کردی ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے ترقیاتی اہداف صرف 80فیصد پورے ہوسکے ہیں۔ تاحال وزیراعظم نے اپنے پروگرام کے تحت اپنے حلقہ انتخاب میں دو کروڑ روپے کی سکیمیں محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فراہم نہیں کی ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر مصطفی بشیر نے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے کی سکمیں محکمہ کو مہیا نہیں کیں۔

متعلقہ خبریں