پاکستان ایشیا کا سستا ترین ملک، ن لیگ، پی پی کرپٹ لیڈروں کا تحفظ چھوڑدیں،وزرا

مظفرآباد (سیاست نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی،وزیر صحت نثار انصر ابدالی،وزیر مواصلات اظہر صادق اور وزیر تعلیم سکولز دیوان علی چغتائی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مہنگائی کا رونا رونے کی بجائے اپنی کرپشن کا رونا روئے اور اپنے کرپٹ لیڈروں کو وطن واپس لائے۔پاکستان اس وقت ایشیاء کا سستا ترین ملک ہے۔وطن عزیز میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے مرکزی لیڈروں کی وہ کرپشن اور منی لانڈرنگ ہے جس کی وجہ سے قومی دولت باہر کے ملکوں میں گئی اور اسوقت وطن عزیز کو مشکلات کا سامنا ہے۔کوڈ 19 کی وجہ سے ملک کی معیشت کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا یہ عمران خان کی ویڑنری قیادت کا کمال ہے کہ ملک کووڈ جیسے بحران سے نمٹنے سے کامیاب رہا۔وزراء کرام نے ان خیالات کا اظہار اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا کردار ادا کر رہی ہے کیونکہ اس کے پاس عوام کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو کشمیری عوام نے عام انتخابات میں کھلے انداز میں مسترد کر دیا تھا کیونکہ عوام کو پتہ ہے کہ یہ آصف علی زرداری اور نواز شریف ہی ہیں جنہوں نے اپنے ادوار حکومت میں قومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور منی لانڈرنگ کے ذریعے اس ملک کا پیسہ باہر لیکر گئے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کرپٹ قیادتیں اب عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتیں عوام کے خون پسینے کی کمائی سے دبئی اور لندن میں محلات تعمیر کرنے والے راشی لیڈروں کے چمچوں کو آزادکشمیر کا سیاسی ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے مشہور زرداری مافیا کے کرپٹ ٹولے کو اب عوام کی یاد آئی ہے جو انہی عوام کی دولت لوٹ لوٹ کر محل پر محل بناتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے مسترد لوگوں کو مہنگائی کے نام پر عوام کے جذبات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی قیادت نے اربوں کی جو کرپشن کی ہے اسکا حساب اسے دینا پڑے گا وائٹ ہاوس سمیت تمام پلازوں کی چھان بین ہو گی اور کرپٹ عناصر قانون کی آہنی گرفت میں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان عمران خان کی مدبرانہ قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس میں رکاوٹیں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے دنیا کی طاقتور ترین معیشتیں بھی زبوں حالی کا شکار ہوئیں اور ترقی یافتہ ممالک بھی اسکی تباہی کا شکار ہوے لیکن اللہ کے فضل سے پاکستان نے ایک طرف اس وباء پر اپنے وسائل سے قابو پایا اور دوسری طرف اپنی معیشت کو بھی ٹریک پر رکھا یہی وجہ ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کے کئی ملکوں کی مناسبت سے بہتری کی جانب گامزن رہا۔انہوں نے کہا اسکا اثر معیشت پر بھی پڑا اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤکا اثر پاکستان پر بھی پڑا اور قیمتوں میں ردو بدل کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن اپنے کرپٹ لیڈروں کا تحفظ کرنا چھوڑ دیں بلکہ انہیں کہیں کہ وہ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں اسطرح شائد عوام انہیں معاف کر دیں

متعلقہ خبریں