ہٹیاں بالا(خصوصی رپورٹر)پاک فوج اور سول انتظامیہ کے باہمی اشتراک سیوادی لیپہ میں عید فیسٹیول اور میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں کھیل کی سرگرمیوں کے علاوہ مقامی آرٹس و کلچر اور روائتی کھانوں کو پروموٹ کیا گیا۔ لیپہ میلے میں مقامی لوگوں کے علاوہ سول و عسکری عہدیداران اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیکرٹری سیاحت مدحت شہزاد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، لیپہ میلے کی رنگارنگ تقاریب دو روز تک جاری رہیں جس میں علاقائی پروگرامز اور کھیل پیش کیے گئے۔ کھیلوں میں رسہ کشی، گھڑ سواری، نیزہ بازی، گتکہ بازی اور دیگرمقابلہ جات کاانعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں کشمیری ثقافت اور کلچرکو پروان چڑھانے کے حوالہ سے مختلف قسم کے سٹال بھی لگائے گئے جو حاضرین کی توجہ کا مرکز رہے۔ میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر لیپہ برگیڈ اور سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ وادی لیپہ سیاحت کے حوالہ سے منفرد مقام رکھتا ہے،یہاں پر سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کو بروئے کار لا کر علاقے کی ترقی کے سفر کو تیز تر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ میں سیاحت کے فروغ کے لیے گورنمنٹ آزاد کشمیر تمام تر وسائل فراہم کر رہی ہے اور ہم سب مل کر اس کو سیاحت کا بہترین مرکز بنائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کے تعاون سے ہم نہ صرف اپنے جنگلات کو محفوظ رکھیں گے بلکہ اپنی چراگاہوں اور سیاحتی مقامات کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔ یہاں کی صفائی و ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مثبت رویوں کو پروان چڑھانا ہے بعد ازاں انہوں نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کے میدانوں کو آ باد کرنا ہے اور منفی سرگرمیوں بشمول نشہ آور اشیاء کے استعمال سے دور رہنا ہے آ خر میں مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔حاضرین نے لیپہ میلے کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور اس تسلسل کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں