آزادکشمیر میں یوم نفاذ اردو جوش و جذبہ سے منایا گیا،عدلیہ کو خراج تحسین

مظفرآباد(سیاست نیوز)آزادکشمیر میں یوم نفاذ اردو جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا،تحریک نفاذ اردو کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآباد میں تقریب کاانعقاد،حکومت پاکستان سے آئین کے آرٹیکل 251پر فوری عمل درآمد،سپریم کورٹ آف پاکستان سے فوری اپنے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ،آزادکشمیر سپریم کورٹ کو قومی زبان میں تواتر سے فیصلے صادر کرنے پر بھرپور خراج تحسین،حکومت پنجاب کی جانب سے نصاب کو قومی زبان میں ڈھالنے کا بھر پور خیر مقدم،مظفرآباد میں یوم نفاذ اردو کی تقریب سے ڈاکٹر عبدالکریم،افضال عالم،طاہر آکاش،مرزا رضوان بیگ،عامر شہزاد،شہزاد گل اعوان سمیت دیگر نے خطاب کیا،مقررین نے کہا کہ 8 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس جواد ایس خواجا نے فوری طور پر ملک میں اردو زبان کے نفاذ کا تاریخ ساز فیصلہ صادر کیا،عدالت نے حکومت کو 3 ماہ کا وقت دیا تھا لیکن بدقسمتی سے کئی سال گزرنے کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہو سکا،ریاستی ادارے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں جس پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے،مقررین نے کہا کہ یہ بات خوش آیند ہے کہ اب قوم کو احساس ہو چکا ہے کہ اردو زبان کے بغیر ہماری کوء شناخت نہیں یہی وجہ ہے کہ اجتماعی و انفرادی سطح پر نفاذ اردو کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں،مقررین نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب قوم اپنے اصل کی طرف آئے گی اور اپنی زبان کو سینے سے لگا کر اس کی پرورش کر کے اسے دنیا کی سب سے بڑی زبان بنائے گی،آج بھی اردو کا شمار دنیا کی بڑی زبانوں میں ہوتا ہے،عالمی سطح پر اس کی انفرادیت کا لوہا منوانے کے لیے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی،اگر ہم اپنی زبان کا تحفظ نہ کر سکے تو پھر بحیثیت قوم ہمارے وجود کی بقا بھی ممکن نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں