مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے موثر اقدامات،ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

اسلا م آباد(سیاست نیوز)پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا تیسواں اجلاس چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہلال حسین، سیکرٹری قومی سلامتی عامر حسن، وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار، کے پی ایل کے صدر عارف ملک، سی ای او کے پی ایل شہزاد چوہدری اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں شہریار آفریدی نے مطالبہ کیا کہ عالمی برداری کشمیری صحافیوں اور سیاسی قیدیوں پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ اجلاس میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے روح رواں سید علی گیلانی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہندوستانی کی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتی ہے اس لیے میڈیا پر بھی وہاں پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ عالمی برادری کشمیری صحافیوں کے خلاف بھارتی جابرانہ ہتھکنڈوں کا نوٹس لے اور کشمیری میڈیا اور بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیدیوں پر ظلم و ستم کو ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔بھارتی قابض فورسز جیلوں میں کشمیریوں کے غیر قانونی ظلم و ستم میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ دنیا کی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کی نسل کشی پر کارروائی نہیں کر رہی ہیں۔شہریار آفریدی نے سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ پارلیمنٹ جو قوم اور ہر گھر کی آواز ہے، ہر پاکستانی سید علی گیلانی کے ساتھ ساتھ ان تمام لوگوں کو فاتحہ خوانی اور خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی کشمیریوں کو کے پی ایل کا تحفہ دینے پر تعریف کی۔ شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آ رہا، ہمیں ملکر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جد و جہد کرنی ہو گی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرح سبکو کشمیریوں کا سفیر بننا ہو گا، سید علی گیلانی کی وفات سے ہر کشمیری دکھی ہے، وہ ایک مرد مجاہد تھے جن کی زندگی کا ایک طویل عرصہ تحریک آزادی کیلئے جیلوں میں گزرا، ہم سید علی گیلانی کے مشن کو لیکر آگے چلیں گے، ان کا دیا ہوا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، کو بھرپور بلند کریں گے، وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کی اب آنکھیں کھل جانی چاہیے اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو رکوانے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی فیملی پر مقدمے کا انداج انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ میں بطور وزیر آزاد جموں وکشمیر ہر وہ کام کروں گا جس سے بھارت کی چیخیں نکلیں، جتنا بھارت چیخے گا کشمیریوں کو اتنا سکون ملے گا۔۔وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کے گھروں پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اس بھارتی اقدام کو آزادی اظہار رائے پر حملہ قراردیا ہے اور کہا کہ کشمیری صحافیوں نے مشکل حالات میں آزادی صحافت اوراظہار کا علم تھامے رکھا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے کامیاب انعقاد پر بریفنگ دیتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل نے آزاد جموں و کشمیر میں ایک انقلاب برپا کیا ہے اور لوگوں نے معاشی سرگرمیوں، سیاحت سے لے کر کشمیر کے سماجی تانے بانے تک تمام جہتوں سے فائدہ اٹھایا ہے۔انہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں آزاد کشمیر حکومت، مسلح افواج، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کے پی ایل مینجمنٹ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پوری دنیا میں ایک پیغام دیا ہے اور اس نے کشمیر کو عالمی کھیلوں کے نقشے پر ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل اور ثقافت لوگوں کو اکٹھا کرتی ہے اور جس طرح کے پی ایل نے کشمیریوں کو متحد کیا ہے وہ بے مثال ہے۔ کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے ایونٹ کی کامیابی کے حوالہ تفصیل کمیٹی کو بتائی۔ کے پی ایل کے صدر اور فرنچائز مالکان نے شہریار آفریدی کا کشمیر کاز کو کامیاب بنانے کیلئے کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔کمیٹی کی جانب سے منظور کی گئی ایک اور قرارداد میں کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے نئے چیئرمین مسرت عالم بھٹ کو نئے چیئرمین، وائس چیئرمین سید شبیر شاہ اور غلام احمد گلزار اور دیگر عہدیداروں کے طور پر خوش آمدید کہا گیا اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کمیٹی کو وزارت خارجہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اٹھانے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ سید علی گیلانی کے خاندان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کو بھی دیکھ رہا ہے اوراس معاملہ کو تمام عالمی فورمز پر اٹھائے گا۔

متعلقہ خبریں